جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے شارگرن، ڈورو سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ نوجوان دانش احمد کمار پر پنجاب کے پٹالیہ ضلع میں جان لیوا حملہ ہوا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ دانش کو نازک حالات میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کا علاج و معالجہ جاری ہے۔
اس واقعہ کی خبر اس کے گھر اور آبائی علاقہ شانگرن، ڈورو پہنچتے ہی صف ماتم بچھ گئی۔ علاقے کے لوگوں میں نہ صرف غم و غصہ پایا جا رہا ہے بلکہ ان میں باہر کی ریاستوں میں کام کر رہے اپنے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمین کو سخت سے سخت سزا دینے کی مانگ کی ہے اور کشمیری نوجوانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس قدم اٹھانے کی اپیل کی۔
زخمی نوجوان دانش کے بھائی یونس نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اگر چہ یہ واقعہ دو روز قبلاتوار کو پیش آیا ہے، تاہم انہیں اس کی خبر گزشتہ روز موصول ہوئی ہے۔