اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے گٹلی گنڈ، ویری ناگ میں ’’ویتھ ترواہ‘‘ تہوار کے سلسلے میں وِتستا دیوستھان پربندھک کمیٹی (ویریناگ) کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیری پنڈتوں نے روایتی پوجا پاٹ کیلئے ہون کا اہتمام کیا۔ دن بھر جاری رہنے والے وتستا دیوس کے موقع پر روایتی کشمیری بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے مناظر دیکھنے کو ملے۔ ہون کے بعد شردھالوؤں میں پرشاد تقسیم کیا گیا۔
اس موقع پر پربندھن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، آر کے بھٹ، نے کہا کہ ’’وتستا دیوس تہوار پورے جموں و کشمیر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ دہائیوں سے منایا جاتا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس تہوار کا ضلع اننت ناگ کے گٹلی گنڈ، ویری ناگ میں خاص طور پر اہتمام کیا جاتا ہے کیونکہ یہی مقام ’’ویتھ‘‘ یعنی دریائے جہلم کا منبع ہے۔ اور دیوی وتاست کے یوم پیدائش کی مناسبت سے اس مقام پر خصوصی پوجا پاٹ کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ہندو عقیدت کے مطابق ویری ناگ کے اسی مقام پر دیوی وتاست نے ’’ویت وتور چشمہ‘‘ کی شکل اختیار کی جو جہلم دریا کا اصل منبع ہے۔