امرناتھ یاتری مقامی مسلمانوں کے رویہ سے متاثر پہلگام (اننت ناگ):یکم جولائی سے شروع ہوئی امرناتھ یاترا خوش اسلوبی سے جاری ہے۔17 جولائی کو بھگوتی نگر بیس کیمپ، جموں سے چھ ہزار سے زائد یاتریوں پر مشتمل پندرہواں قافلہ کشمیر کی اور روانہ ہوا۔ اب تک دو ہفتوں سے زائد عرصہ کے دوران، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، قریب دو لاکھ یاتریوں نے امرناتھ گپھا میں پوتر شیو لنگم کے درشن کیے ہیں۔
امرناتھ یاترا پر آئے لوگوں نے جنوبی کشمیر کے پہلگام علاقے میں ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرکاری انتظامات سے کافی مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں سے لے کر امرناتھ گپھا تک یاتریوں کے لئے سیکورٹی سمیت تمام انتظامات معقول طریقہ سے کئے گئے ہیں، وہیں گپھا تک آنے والے پڑاؤ، بیس کیمپس میں تمام تر ضروری سہولیات میسر رکھی گئیں ہیں اس کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ پر یاتریوں کے لئے لنگروں کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں یاتریوں کو صحت بخش اور صاف و شفاف طریقہ سے کھانا پینا مفت فراہم کیا جاتا ہے۔
یاتریوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی لوگوں کی مہمان نوازی اور حسن سلوک سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس سے قبل بھی یاترا کر چکے ہیں جس دوران انہوں نے ’’ہمیشہ مقامی مسلمانوں کو یاتریوں کی خدمت میں پیش پیش دیکھا، یہاں پہنچنے کے بعد مقامی لوگ یاتریوں کا والہانہ استقبال کرتے ہیں اور اس سے صاف طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ مقامی مسلم مذہبی ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارہ پر کتنا یقین رکھتے ہیں۔‘‘ یاتریوں نے مزید کہا کہ ’’بیشتر یاتری یہاں آنے سے قبل غلط فہمی کا شکار ہوتے ہیں اور ان کے ذہن میں کشمیر کے بارے میں کئی طرح کے شکوک و شبہات ہوتے ہیں تاہم یہاں آنے کے بعد ساری غلط فہمیاں دور ہو جاتی ہیں اور یاتری مقامی مسلمانوں کے رویہ سے متاثر ہو کر مثبت سوچ کے ساتھ لوٹ جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں:Amarnath Yatra 2023 اننت ناگ میں پتھروں کی زد میں آنے سے خاتون یاتری کی موت
واضح رہے کہ امرناتھ یاترا 2023 یکم جولائی سے شروع ہوئی تھی۔ یہ یاترا 62 روز تک جاری رہے گی اور 31 اگست کو اختتام ہوگی۔ یاترا کے پُر امن اور خوشگوار انعقاد کے لئے انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں اور یاتریوں کو دیگر ضروری سہولیات بہم پہنچانے کے لئے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔