اننت ناگ:عسکریت پسندوں کو پناہ دینے اور انہیں لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی یو) شوپیان یونٹ نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڈہ علاقے میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک عسکریت پسند کے رہائشی مکان واقع سبحان پورہ کو اٹیچ کر دیا۔ اننت ناگ پولیس نے اس حوالہ سے کہا کہ ’’ایس آئی یو شوپیان یونٹ، نے ڈی آئی جی ایس آئی یو کشمیر، ایس ایس پی شوپیاں، ڈی وائی ایس پی، سی آئی او، ایس آئی یو شوپیاں کی نگرانی میں اننت ناگ ضلع کے سبحان پورہ، بجبہاڑہ علاقے میں ایک عسکریت پسند کے معاون کا مکان منسلک کر دیا۔‘‘
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس اسٹیشن زینہ پورہ شوپیان میں یو اے پی اے ایکٹ کے تحت درج ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 22/2022 کی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ سبحان پورہ، بجبہاڑہ کے رہائشی عبدالرحمان گنائی ولد محمد شعبان گنائی جو عسکریت پسندوں کے ساتھی زبیر احمد گنائی کے والد ہے کا رہائشی مکان کالعدم قرار دی گئی عسکریت پسند تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ عسکریت پسندوں کو پناہ دینے کے لیے استعمال ہوا۔