وادی میں اس وقت میوہ جات خصوصاً سیبوں کا سیزن عروج پر ہے تاہم نامساعد حالات کی وجہ سے کسان اور باغ مالکان سیبوں کو درختوں سے نہیں اتار رہے ہیں جس کی وجہ سے سیب از خود درختوں سے گر کر ضائع ہو رہے ہیں۔
اس صورتحال کے باعث جنوبی کشمیر میں کسان اپنے باغات میں نئی دوائیوں کا چھڑکاؤ کر رہے ہیں جس سے کسانوں کے مطابق سیب درختوں سے گرنے کے بجائے مزید کچھ دنوں تک درختوں پر ٹِک سکیں گے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے ایک کسان نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سیبوں کو درختوں سے گرنے سے روکنے کے لیے انہیں اپنے باغات میں مرحلہ وار طریقے سے دو سے تین بار دواؤں کا چھڑکاؤ کرنا پڑ رہا ہے جس سے سیب کچھ اور وقت تک درختوں پر ہی ٹک سکیں گے۔
انہوں نے حالات میں بہتری کی امید کرتے ہوئے کہا کہ دوائی کی وجہ سے کچھ اور دنوں تک میوہ درختوں سے نہیں گرے گا اور حالات بہتر ہونے کے بعد ہم سیبوں کو اتار کر انہیں بازار میں فروخت کر سکتے ہیں۔