اننت ناگ: جموں و کشمیر کے اننت ناگ میں چوتھے دن بھی عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم جاری ہے۔ تین عسکریت پسندوں کے پہاڑیوں کے گھنے جنگلات میں چھپے ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ اس موقعے پر سیکورٹی فورسز مورچہ زن ہیں۔ ڈرون کی مدد سے عسکریت پسندوں پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی جب عسکریت پسند حرکت میں آتے ہیں، تو جدید ہتھیاروں سے حملے کیے جا رہے ہیں اور مارٹر گولے داغے جا رہے ہیں۔
جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نے یقین دلایا کہ اننت ناگ کے عسکریت پسندوں کو مار گرایا جائے گا۔ کسی عسکریت پسند کو بھاگنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق پہاڑیوں کے درمیان جنگلاتی علاقے میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا جا رہا ہے، جس کے لیے ڈرون کی مدد لی جا رہی ہے۔ عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جمعہ کو بھی جاری تھا۔
ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (کشمیر) وجے کمار نے کہا کہ فی الحال آپریشن مخصوص طرح سے جاری ہے۔ سوشل میڈیا کے ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے کمار نے کہا کہ جنگل میں دو سے تین عسکریت پسندوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ وہ مارے جائیں گے۔ فائرنگ کے درمیان سیکورٹی فورسز نے پہاڑیوں کے بیچ جنگلاتی علاقے کی طرف مارٹر گولے داغے ہیں۔
مزید پڑھیں: Encounter Starts in Halloran اننت ناگ کے ہلورا گڈول میں انکاونٹر جاری
سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو مکمل طور پر گھیر لیا ہے۔ ذرائعے کے مطابق پہاڑی کے پچھلے حصے میں نالے اور ندیاں ہیں۔ ایسے میں عسکریت پسندوں کا بچنا مشکل ہے۔ غور طلب ہو کہ بدھ کو جموں و کشمیر پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہمایوں بھٹ، 19 راشٹریہ رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر میجر آشیش دھونچک، کرنل منپریت سنگھ اور ایک سپاہی جنوب کے کوکرناگ علاقے کے گڈول میں، عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم میں ہلاک ہو گئے تھے۔