اننت ناگ (جموں کشمیر) :جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کا دورہ کیا۔ ایل جی نے ضلع کے ڈاک بنگلو، کھنہ بل، میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کی جن میں سماجی کارکنان، عوامی نمائندے، سول سوسائٹی ممبران، بلدیاتی نمائندوں کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے افسران نے بھی شرکت کی۔ ایل جی نے مرکزی اور UT حکومت کی جانب سے وضع کی گئی مختلف اسکیموں اور ضلع میں ترقیاتی پروجیکٹوں کی سیکٹر وار پیش رفت کا جائزہ لیا۔
منوج سنہا نے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ بھی منعقد کی۔ سنہا نے ڈاک بنگلو کھنہ بل میں افسران کی اعلیٰ سطحی ترقیاتی میٹنگ کے دوران متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں ایل جی نے سول سوسائٹی اور دیگر عوامی نمائندوں کے ساتھ بھی خصوسی ملاقات کی۔ ایل جی، پی آر آئی ممبران اور لوکل باڑی نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقی ہوئے، جنہوں نے کئی مسائل ایل جی کی نوٹس میں لائے اور ان سبھی معاملات پر ایل جی تبادلہ خیال کیا۔ ایل جی نے عوام سے متعلق سبھی مسائل کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر ایل جی نے مختلف ترقیاتی پروجیکٹس پر جاری کام کاج کا جائزہ لیا اور 290 کروڑ کے پروجیکٹس کی سنگ بنیاد رکھی جبکہ کئی ایک پروجیکٹس کا افتتاح بھی کیا۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی پی آر آئی ممبران نے کہا کہ وہ یو ٹی کے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات سے کافی خوش بھی ہیں اور پر جوش بھی کیونکہ اپنے اپنے علاقوں میں درپیش مشکلات سے ایل جی کو آگاہ کیا گیا۔ ایل جی سے محکمہ تعلیم، شعبہ صحت کو مستحکم کرنے اور سیاحتی شعبہ کو فروغ دینے کی بھی گزارش کی گئی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یقیں دہانی کرائی کہ زیر بحث معاملات کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا۔