پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سرپرست اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو پارٹی کے بانی و سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی مفتی محمد سعید کی پانچویں برسی کے موقع پر جنوبی کشمیر کے قصبہ بجبہاڑہ میں دارا شکوہ پارک میں واقع مرحوم کے مزار (پادشاہی باغ) میں حاضری دی۔
پانچویں برسی کے موقع پر مرحوم مفتی سعید کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے حق میں اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر محبوبہ کے ہمراہ پارٹی کے کئی سینئر رہنما بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے اپنے والد مرحوم مفتی محمد سعید کے نظریہ اور دور اندیشی کی ستائش کرتے ہوئے کہا 'اس وقت جموں وکشمیر میں جو خون خرابہ ہو رہا ہے، اس کا واحد حل مذکرات ہیں۔ کیونکہ جنگ کوئی متبادل نہیں ہے۔ بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔ جیسا کہ مفتی صاحب ہمیشہ کہا کرتے تھے 'گرنیڈ سے نہ گولی سے بات بنے گی بولی سے۔'
محبوبہ مفتی نے پارٹی کے بانی اور اپنے والد کی پانچویں برسی کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'اس خطے میں امن کا جو راستہ ہے وہ جموں و کشمیر سے ہوکر گزرتا ہے، اور جموں و کشمیر میں امن کا راستہ ہندستان اور پاکستان میں اچھے باہمی تعلقات، دوستی اور بات چیت میں مضمر ہے۔'