اننت ناگ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ایک دلدوز سڑک حادثہ میں محکمہ جل شکتی کے دو ملازمین ہلاک ہو گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جل شکتی محکمہ سب ڈویژن ویری ناگ کا ایک واٹر ٹینکر گجر بستی کوٹ سے ویری ناگ کی طرف واپس آ رہا تھا اور ٹینکر سہ پہر قریب 4:30 بجے ایک حادثہ کا شکار ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق واٹر ٹینکر سڑک سے پھسل کر قریب 300فٹ گہری کھائی میں جاگرا۔
حادثہ کے فوراً بعد مقامی باشندوں نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور محکمہ جل شکتی کے دونوں ملازمین کو نزدیک اسپتال پہنچایا تاہم حکام کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی ٹینکر کے ڈرائیور کی موت واقع ہو گئی تھی جبکہ گاڑی کے ہیلپر نے ہسپتال لے جاتے ہوئے آخری سانس لی۔ حکام نے مزید بتایا کہ پانی کے ٹینکر کو گوجر بستی کوٹ میں پانی کے بحران کو پورا کرنے کے لیے روانہ کیا گیا تھا اور واپسی پر ٹینکر حادثہ کا شکار ہو گیا۔