اننت ناگ:ضلع اننت ناگ کے جبلی پورہ، بجبہاڑہ میں تعمیر کی گئی نئی ہائی ٹیک فروٹ منڈی کو عبوری طور پر تجارتی سرگرمیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ منڈی میں با ضابطہ طور پر سیبوں کی خرید و فروخت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس سے منڈی میں گہما گہمی نظر آرہی ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ دیر سے ہی صحیح لیکن سرکار نے منڈی کو تجارت کے لئے کھول دیا ہے جس کی وجہ سے انہیں کافی راحت ملی ہے۔
تاجرین نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ منڈی میں فی الحال عبوری طور پر کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ سرکار تاجروں کی رجسٹریشن کرے گی اور انہیں فڈس (شیڈس) الاٹ کئے جائیں گے ، وہیں امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ منڈی کو مستقل طور پر کھلا رکھا جائے گا تاکہ یہاں کے لاکھوں کسان اور تاجر مستفید ہو سکیں۔ دراصل سیب کی صنعت سے وابستہ افراد کی دیرینہ مانگ اور مارکیٹ کی تنگی کو دور کرنے کے پیش نظر سنہ 2013 میں ضلع اننت ناگ کے جبلی پورہ میں ہائی ٹیک فروٹ منڈی کی بنیاد ڈالی گئیتھی۔
حکومت کا دعویٰ تھا کہ اس منڈی سے جنوبی کشمیر کے 12 تحاصیل کے تقریباً 5پانچ لاکھ لوگوں کو فائدہ پہنچے گا جبکہ تقریبا 1 لاکھ 20 ہزار کسان، میوہ کاشتکار و تاجر اس سے مستفید ہونگے۔ 3322.43 لاکھ کے اس منصوبہ کو 422 کنال اراضی فراہم کی گئی تھی۔ منڈی کا کام شروع ہونے کے بعد میوہ اور سبزی تاجرین نے شیڈس کی الاٹمنٹ کے لئے رقومات جمع کی ہیں اور وہ منڈی کے شروع ہونے کے منتظر تھے۔ تاہم رقومات جمع کرنے کے 6 برس گزر جانے کے بعد بھی نا معلوم وجوہات کی بنا پر انہیں شیڈ الاٹ کرنے کے بجائے رقومات سود سمیت واپس کئے گئے، جس پر تاجروں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔