جموں و کشمیر اپنی پارٹی نے گزشتہ روز پارٹی لیڈر غلام حسن لون کو گولی مار کر ہلاک کیے جانے کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے انتظامیہ سے سیاسی کارکنوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے سینئر رہنما عبد الرحیم راتھر نے اننت ناگ میں ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ ’’کسی بے گناہ کو قتل کرنا پوری انسانیت کا قتل سمجھا جاتا ہے، بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے جو گزشتہ روز ضلع کولگام کے دیوسر علاقے میں پیش آیا، بیوہ عورتوں کی فہرست میں ایک اور بیوہ شامل ہوگئی ہے، بہت دکھ ہوا ہے، ہم اپنی طرف سے اس واقعے کو لے کر جتنا بھی افسوس کریں کم ہے۔‘‘
جموں و کشمیر اپنی پارٹی لیڈر عبد الرحیم راتھر نے کہا کہ ایک سیاسی کارکن لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے لوگوں کی نمائندگی کرنے کے لئے آگے آتے ہے، حالانکہ ایک سیاسی کارکن کے پاس کوئی بڑی سیاست نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم امید کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ایسے واقعات سے ہمیں نجات دے۔‘‘
راتھر نے مزید کہا کہ ’’کسی کو مارنے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔‘‘ ان کے مطابق ’’مسائل حل ہو سکتے ہیں، بات چیت ہی ایک واحد ذریعہ ہے جس سے مسئلے کا حل نکالا جاسکتا ہے۔‘‘