اننت ناگ:جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں عیشمقام علاقے میں عالمی یوم مزدور کے موقع پر سلیب کنسٹرکشن کے دوران ایک مزدور کی سلیب سے گر کر موت واقع ہو گئی۔ موصولہ تفصیلات کے مطابق متوفی عیشمقام علاقے میں روزانہ کی طرح کام پر تھا جہاں اچانک حادثاتی طور وہ سلیب کنسٹرکشن کے دوران نیچے گر گیا اور شدید زخمی ہو گیا۔ خون میں لت پت مزدور کو فوری طور پر مقامی باشندوں نے ایس ڈی ایچ (سب ڈسٹرکٹ اسپتال) سیر پہنچایا گیا جہاں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد ڈاکٹروں نے اسے مزید اور بہتر علاج کے لیے جی ایم سی (گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال) اننت ناگ ریفر کر دیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر فوت ہو گیا۔
متوفی کی شناخت بلال احمد سیری ولد قاسم سیری کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع اننت ناگ کے گاؤں، عیشمقام کا رہائشی ہے۔ بلال احمد کی میت کو دوبارہ ایس ڈی ایچ سیر میڈیکو لیگل فارمیلٹیز کے لیے پہنچایا گیا جہاں قانونی و طبی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا گیا۔ ادھر، پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ بلال کی میت اُس کے آبائی علاقہ پہنچتے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔ بلال کی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور انہیں پُرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا۔