اننت ناگ:جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ٹریفک جام کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ روز مرہ کے ٹریفک جام کی وجہ سے لوگ کافی پریشان ہیں اور انتظامیہ کے خلاف ناراض دکھائی دے رہے ہیں۔ جہاں ایک طرف سرکار یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ جموں و کشمیر کے سبھی علاقوں میں سڑکوں کا جال بچھانے کے ساتھ ساتھ ہر جگہ سڑکوں پر میگڈمائزیشن کی جارہی اور کشادگی کا عمل میں انجام دیا جا رہا ہے، جس پر سینکڑوں کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ تاہم زمینی سطح پر یہ دعوے دن بندن بڑھتے ٹریفک جام کی صورت میں کھوکھلے نظر آ رہے ہیں۔
ضلع اننت ناگ کی اندرونی سڑکیں بیشتر خستہ حالت میں ہیں جہاں کشادگی کا کام نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اننت ناگ کے سبھی بازاروں بشمول لال چوک، جنگلات منڈی، مٹن چوک، مہندی کدل، کھنہ بل چوک جیسے اہم بازاروں میں صبح سے شام تک ٹریفک جام کا سلسلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ضلع کے سبھی بازاروں میں اسکولی بچے، ملازمین اور ایمبولینس میں موجود مریض کئی کئی گھنٹوں تک جام میں پھنسے رہنے کے سبب انتہائی پریشان ہو چکے ہیں۔
ٹریفک جام کے حوالہ سے ضلع کے رہائشی انتظامیہ سے کافی ناراض نظر آرہے ہیں، لوگوں کا کہنا ہے کہ ضلع انتظامیہ اس طرح کے عوامی مسائل کو نظر انداز کر رہی ہے۔ ٹریفک جام عوام کے لیے درد سر بن چکا ہے۔ ضلع کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں نے ای ٹی وی کو بتایا کہ ’’ضلع خاص کر قصبہ اننت ناگ میں ٹریفک کا نظام پوری طرح سے درہم برہم ہو چکا ہے۔