اننت ناگ: ضلع اننت ناگ کے بوژؤ کوکرناگ علاقے میں محکمہ باغبانی اور گراس روٹس انوویشنز آگمینٹیشن نیٹورک (گیان) کے اشتراک سے علاقے میں بیداری کیمپ منعقد کیا گیا۔ کیمپ میں شعبہ باغبانی سے وابستہ افراد نے شرکت کی، جبکہ پروگرام میں گیان اور محکمہ ہاٹیکلچر سے تعلق رکھنے والے افسران نے بھی شرکت کی۔
بیداری کیمپ کا بنیادی مقصد کوکرناگ کے دور دراز علاقوں میں شعبہ باغبانی سے وابستہ افراد کو نئی تکنیکی آلات سے آگاہ کرنا تھا۔اس دوران محکمہ ہاٹیکلچر کے افسران نے حکومت کی جانب سے کسانوں کے لئے رکھی گئی مختلف اسکیموں پر روشنی ڈالی اور شرکاء کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے یونین ٹریٹری حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کس طرح سے باغبانی کی صنعت کو فروغ دے سکتے ہیں اور کیسے ایک باغ مالک دگنی پیداوار حاصل کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر فروٹ گروورس نے متعلقہ محکمہ اور گیان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں انہیں کافی نقصان اٹھانا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیب کے باغات میں جن چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے اگرچہ وہ چیزیں روایتی طریقوں سے انجام دی جاتی تھی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اور برفباری کے باعث روایتی چیزیں بے سود ثابت ہوجاتی تھی، نتیجتاً باغ مالکان کو سال میں کئی بار اُن کاموں کو پھر سے کرنا پڑتا تھا، یعنی سیب کے درختوں کی ٹہنیوں کے نیچے لکڑی کے کھمبے کھڑا کرنے پڑتے تھے، جس کے نتیجے میں باغ مالکان کا کافی وقت ذایع ہوجاتا تھا۔
ایسی مشکلات کا ازالہ کرنے کی غرض سے کوکرناگ کے دو جڑوا بھائیوں نے ایک نئی ایجاد کو بروئے کار لاتے ہوئے کسانوں کی پریشانی کا حل نکالا، جسے محکمہ ہارٹیکلچر اور گیان کے ماہرین کی جانب سے سرہانہ کی جارہی ہے۔