اننت ناگ: ضلع اننت ناگ میں محکمہ صحت اور ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے سب ضلع ہسپتال اچھہ بل میں ایک ہیلتھ میلہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ میلہ کا افتتاح چیف میڈیکل آفیسر اننت ناگ محمد یوسف زاگو کی ہدایت پر بلاک میڈیکل آفیسر اچھہ بل ڈاکٹر اختر حسین نے کیا۔اس میلہ میں سینکڑوں افراد کا طبی معائنہ کیا گیا۔
محکمہ صحت کے چیف میڈیکل آفیسر اننت ناگ ڈاکٹر محمد یوسف زاگو نے بتایا کہ اچھہ بل اور اس کے مضافاتی علاقوں کے لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم، جس میں سرجن، آرتھوپیڈک سرجن، ماہر امراض خواتین، ماہر امراض اطفال، دانتوں کے سرجن شامل ہیں نے سینکڑوں افراد کا معائنہ کیا اور انہیں ماہارنہ مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو راحت پہنچانے کے لیے اس طرح کے میلوں کا انعقاد وقتاً فوقتا عمل میں لایا جاتا ہے، جن میں ماہر ڈاکٹرز مریضوں کا طبی معائنہ کرنے کے علاوہ مختلف امراض اور ان سے بچنے کے طریقہ کار پر بھی روشنی ڈالتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر صاحبان کی جانب سے تجویز کردہ ٹیسٹ، ایکسرے یا دوسرے درکار معائنہ مفت کیا جاتا ہے۔