سکھ کمیونٹی کی جانب سے جہاں دنیا کے مختلف حصوں میں گرو نانک دیو جی کا یوم پیدائش بڑے ہی عقیدت و احترام، جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ وہیں جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب بجبہاڑہ اور مٹن علاقے میں بھی گرو نانک جی کا 551واں یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
مٹن میں گرو پرب کا تہوار سادگی سے منایا گیا اس موقع پر سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے سکھوں نے مٹن کے گرودوارہ صاحب میں حاضری دی اور سربہ سجود ہو کر اپنے گناہوں کی معافی طلب کی۔
مٹن کے سکھوں نے گرو نانک جی کے یوم پیدائش پر ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 'گرو بابا کی پوری زندگی لوگوں کی خدمت، سچائی، انصاف اور ہمدردی کی اقدار کے لیے وقف رہی۔ ان کی زندگی اور تعلیمات آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ ان کی خدمات آج بھی ہمیں متاثر کرتی ہیں۔ اس موقع پر مقامی سکھوں نے کہا کہ مٹن صاحب گرودوارہ ایک پوتر جگہ ہے، کیونکہ گرو نانک جی یہاں تشریف لا چکے ہیں اور امن کا پیغام لاکر یہاں کے لوگوں کو متاثر کر چکے ہیں۔
اس موقع پر مقامی سکھوں نے کہا کہ یہ تہوار مٹن میں ہندو، مسلم، اور سکھ ایک ساتھ مناتے ہیں۔ کووڈ-19 کی وجہ سے ہم نے اس تہوار کو سادگی سے منانے کی پوری کوشش کی، اس موقع پر سرکار کی طرف سے جو گائیڈ لائنس طے گئی ہیں اس کا خاص خیال رکھا گیا۔