اننت ناگ:کووڈ 19 کے باعث جہاں کئی جانیں زیاں ہوگئی، وہیں وائرس کے چلتے لاک ڈاؤن کے دوران وادی کے کئی نوجوان مختلف کھیل کود کی سرگرمیوں کی جانب راغب ہوئے، جس سے نہ صرف انہیں مختلف ذہنی پریشانیوں سے چھٹکارا ملا بلکہ ان کی جسمانی نشو و نما میں بھی کافی بہتری آئی ہے۔ کووڈ 19 کے دوران وادی کشمیر کے سینکڑوں نوجوانوں نے سائکلنگ کو اپنا مشغلہ بنا لیا ہے۔ ان نوجوانوں نے موسم گرما میں مختلف صحت افزا مقامات کی سیر سائیکل پر کی وہیں سائکلنگ کے شائقین نے سرما کے موسم میں بھی ملک کی دیگر ریاستوں کا دورہ کیا ہے۔Cycling Trends in Kashmir
جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے سنتھن ٹاپ پر ان دنوں سائکلیسٹس کافی تعداد میں نظر آرہے ہیں۔ اپنے جسم کو تر و تاز رکھنے کے لیے وادی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سائکلیسٹ سنتھن ٹاپ جیسے خوبصورت مقام کا انتخاب کر رہے ہیں۔ حسن و جمال سے مالا مال سنتھن ٹاپ ان دنوں نہ صرف سیاحوں کا مرکز بنا ہوا ہے بلکہ وادئ کشمیر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں سائیکلسٹ کے لئے مذکورہ مقام کافی موزوں تصور کیا جاتا ہے کیونکہ یہاں کی ٹھنڈی ہوائیں، ہرے بھرے جنگلات، گلیشئرز سے پگھلتا ہوا صاف و شفاف پانی جو سالہا سال ندی نالوں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں جو یہاں کی خوبصورتی کو دوبالا بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ کشمیر کے سائکلیسٹ وادئ سنتھن کا انتخاب کرتے ہیں۔Cyclists in Sinthan Top Kokernag
سائکلنگ مشغلے سے وابستہ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ان کے کلب میں کئی نوجوان ایسے ہیں جنہوں نے کووڈ 19 کے دوران سائکلنگ کا انتخاب کیا۔ جسمانی نشو و نما اور اپنی صحت کو فٹ رکھنے کے لیے سائیکلنگ ایک اچھی پہل ہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ دو سال سے وادی کے بیشتر صحت افزا مقامات کی سائیکل پر سوار ہو کر سیر کی ہے۔