اننت ناگ:کشمیری بلے (بیٹ) کو بین الاقوامی سطح پر پہنچان دلانے والی کمپنی جی آر 8 سپورٹس کے مالک اور سی ای او فوظ الکبیر نے کرکٹ کا شوق اور مہارت رکھنے والے نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارم مہیا کرانے کے لئے ضلع اننت ناگ کے ہالہ مولہ میں "گریٹ سلیکشن" کا افتتاح کیا۔ اس موقعے پر فوظ الکبیر نے کہا کہ، گریٹ سلیکشن پہل کے تحت وادی کے ان نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر پہنچانے کی کوشش کی جائے گی، جن کے پاس کرکٹ کھیلنے کا ٹیلنٹ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے نوجوانوں میں کافی ہنر موجود ہے، تاہم پراپر پلیٹ فارم مہیا نہ ہونے کے سبب بیشتر نوجوانوں کا ٹیلنٹ دب کر رہ جاتا ہے۔
فوظ الکبیر نے کہا کہ وہ بیٹ تیار کرنے کی صنعت سے وابستہ ہیں۔ وہ یہ مانتے ہیں کہ اس صنعت کو صرف پیسے کمانے کی نظریہ سے نہیں دیکھنا چاہیے، بلکہ جن نوجوانوں کی بدولت یہ صنعت زندہ ہے ان کو فائدہ پہنچانے کے لئے متعلقہ صنعت کاروں کو آگے آنے کی ضروت ہے۔ یہی سوچ کر انہوں نے یہ پہل شروع کی ہے، تاکہ کرکٹ میں اپنا مستقبل تلاش کرنے والے نوجوانوں کو بہتر پلیٹ فارم مہیا کیا جائے، جس سے انہیں کامیابی تک پہنچنے کے لئے راستہ ہموار ہو سکے۔ فوظ الکبیر نے کہا کہ کرکٹ کے شوقین نوجوان گریٹ سپورٹس ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ پر اپنا اندارج کراسکتے ہیں۔ کشمیر سمیت ملک کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والے وہ نوجوان جو بلے بازی ،گیند بازی، فیلڈنگ ،ویکیٹ کیپنگ، میں مہارت رکھتے ہیں وہ اپنی کارکردگی سے متعلق اپنا ویڈیو بنا کر گریٹ سپورٹس کو بھیج دیں۔