سری نگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں کو یونین ٹریٹری میں ہو رہی ترقی اور یہاں کا پر امن ماحول ہضم نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی موجودہ حکومت ہر فرد کی شکایت سننے اور اس کو حل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم بلا کسی تفریق کے یونین ٹریٹری کے 1.30 کروڑ لوگوں کی خدمت کے لئے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے میں کسان سمپرک ابھیان سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا 'یہاں کچھ پانچ سو سے ایک ہزار لوگوں کو حکومت کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا تھا ان کا دور اب ختم ہوچکا ہے'۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت جموں وکشمیر کے ہر شہری کی شکایت سننے اور اس کو حل کرنے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہاں جموں وکشمیر کے 1.30 کروڑ لوگوں کی خدمت کے لئے ہیں۔ سنہا نے کہا: 'کچھ لوگوں کو جموں و کشمیر میں ہو رہی ترقی اور یہاں کا پر امن ماحول ہضم نہیں ہو رہا ہے ان کو لوگوں کے معدے میں درد ہو رہا ہے جس کے لئے ہم کچھ بھی نہیں کرسکتے ہیں'۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تیار ہو رہی پیدا وار کو بہت جلد قومی و بین الاقوامی بازار میں پہنچایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت بہت جلد آئے گا جب کشمیر میں کسان کا بیٹا بھی کسان ہی بننا چاہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے کسانوں کو بھی جدید سہولیات دستیاب رکھی جائیں گی تاکہ کسانوں کے بیٹے بھی بڑے خواب دیکھ سکیں۔