اننت ناگ (جموں کشمیر) : گورنمنٹ میڈیکل کالج، اننت ناگ میں میگنیٹک ریزوننس امیجنگ (ایم آر آئی) کی سہولت دستیاب نہیں ہیں، جس سے مریض سری نگر کے اسپتالوں یا نجی تشخیصی مراکز کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ طبی ڈھانچہ کو بنیادی طور مستحکم کرنے کے لئے اگرچہ تین برس قبل ضلع ہسپتال اننت ناگ کو میڈیکل کالج کا درجہ دیا گیا، اور زچہ بچہ ہسپتال شیر باغ (ایم سی سی ایچ) اور سب ضلع ہسپتال بجبہاڑہ کو میڈیکل کالج کے انتظامی کنٹرول میں لایا گیا۔ تاہم میڈیکل کالج میں ایم آر آئی، ریڈیو تھرپی، کیموتھرپی کی سہولیات موجود نہیں ہیں جس کے سبب کینسر کے سینکڑوں مریضوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا ہے۔
مرکزی وزارت صحت سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چار برسوں میں جموں و کشمیر میں کینسر کے 51,577 کیسز رپورٹ ہوئے، تعداد میں سرینگر کے بعد اننت ناگ ضلع دوسرے نمبر پر ہے۔ جی ایم سی اننت ناگ کے شعبہ آنکولوجی نے پچھلے تین برسوں میں کینسر کے تقریباً 1,000 مریضوں کو رجسٹر کیا ہے، جو کہ جنوبی کشمیر میں کینسر کے معاملات میں تشویشناک اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔ وہیں ایک برس کے اندر کینسر کے تقریبا 1200 مریض ایسے سامنے آئے ہیں جنہیں تھرپی کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں:Woman Dies Of Alleged Medical Negligence ڈاکٹروں کی مبینہ لاپروائی سے خاتون کی موت