سربل ضلع صدر مقام اننت ناگ سے تقریباً 45 کلو میٹر کی دوری پر پیر پنجال کی سرسبز اور اونچی پہاڑیوں کے درمیان واقع ہے۔ مشہور مغل باغ ویری ناگ کی سیر و تفریح پر جانے والے اکثر سیاح سربل کی جانب روانہ ہونا چاہتے ہیں لیکن ڈیڈبل سے آگے راستہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ آدھے راستہ سے ہی لوٹ جاتے ہیں۔ راستہ میں آنے والے مقام سربل کو قدرت نے اس قدر خوبصورتی سے سجایا ہے کہ یہاں آنے والے سیاحوں کا کبھی من نہیں بھرتا ہے اور وہ اس منفرد مقام پر زیادہ سے زیادہ وقت گزار کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔
سربل کی شاداب وادی کے وسط میں ایک خوبصورت نہر رواں دواں ہے جو اس مقام کو مزید جاذب نظر بنا دیتی ہے۔ اونچی پہاڑیوں میں موجود پگھلتے گلیشیرز اور قدرتی چشموں کا صاف و شفاف پانی کا ملاپ اس جگہ سے ایسے گزرتا ہے جیسے دودھ کی نہر بہہ رہی ہو۔