اننت ناگ:جموں و کشمیر کے اننت ناگ کے سادیواڑہ گاؤں کے سرپنچ فاروق احمد گنائی نے پلاسٹک و پالتھین ٹھوس کچرے کے انتظام میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 'گیو پلاسٹک ٹیک گولڈ' نعرہ دے کر ایک مہم شروع کی ہے اور اس مہم کے تحت، مذکورہ گاؤں سے 20 کوئنٹل پلاسٹک کا کچرا جمع کرنے والے شخص کو 10 گرام سونے کا سکہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے فاروق احمد نے کہا کہ کچرا جمع کرنے کے لئے کوئی حدف ضروری نہیں ہے۔ اس مہم میں بہتر کردار ادا کرنے والے ہر شخص کو انعام سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کچرے کے بدلے، سونے کے سکے کے آئیڈیا کو ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بشارت قیوم کی منظوری حاصل ہوئی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ڈی سی کے ساتھ اس معاملہ پر تبادلہ خیال کیا اور ڈی سی نے اس انوکھی پہل پر ان کی ستائش کی۔ یہی وجہ ہے کہ 7 جنوری 2023 کو محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں اس مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ مہم کے آغاز کے بعد علاقہ میں اجتماعی اور انفرادی طور پر لگاتار صفائی مہم جاری ہے۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے فاروق احمد نے کم از کم 30 رضاکاروں کو اپنے ساتھ شامل کیا جن میں یوتھ کلب، مقامی اوقاف کے ادارہ کے ممبران، بزرگ شہریوں اور محکمہ آبپاشی کے ملازمین شامل ہیں۔ مہم کے دوران نہ صرف علاقہ کی گلی کوچوں بلکہ دریاؤں اور ندی نالوں کی بھی صفائی کی جارہی ہے۔ کچرے کو جمع کرنے کے لئے علاقے میں کئی کولیکشن سائٹس قائم ہیں۔ جہاں کچرا جمع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کچرے کو ری سائکل کرنے کے بارے میں اقدامات کررہے ہیں ۔
Give Plastic Take Gold 'پلاسٹک دو سونا لو'، اننت ناگ کے فاروق احمد کی انوکھی پہل - گیو پلاسٹک ٹیک سونا
جنوبی ضلع اننت ناگ کے ہلر شاہ آباد بلاک کے سادیواڑہ گاؤں کے رہنے والے سرپنچ فاروق احمد گنائی نے اپنے علاقے کو پالتھین اور پلاسٹک کچرے سے پاک کرنے کے لیے ایک انوکھی پہل شروع کی ہے۔
گنائی کا کہنا ہے کہ لوگوں کو فضلہ جمع کرنے کے لیے بھی کچھ حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے لوگوں میں شعور بیدار کرنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی کی ضرورت تھی اسلئے انعام کے طور پر پلاسٹک کچرے کے بدلے سونے کا سکا دینے کا خیال ان کے ذہن میں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں میں بیداری پیدا کرنے اور ان کی ذہنیت کو اس طرح سے بدلنا چاہتے ہیں کہ وہ پلاسٹک اور پالتھین کو ندیوں، نالوں یا گلی کوچوں میں پھینکنے کے بجائے جمع کریں۔ آج وہ اس مہم میں کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔ گنائی نے کہا کہ ان کی کاوشوں کی وجہ سے مہم کے مثبت اثرات آج نمایاں ہوئے ہیں اور لوگوں میں پلاسٹک کے مضر اثرات کے بارے میں بیداری پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مہم کو اپنے علاقہ تک محدود نہیں رکھیں گے بلکہ ان کا خواب ہے کہ وہ اس مشن اور مہم کو کشمیر سے کنیاکماری تک پہنچائیں گے۔ ماہرین ماحولیات نے بھی فاروق احمد گنائی کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہم تب تک محفوظ ہیں جب تک ہمارا ماحول محفوظ اور آلودگی سے پاک ہے۔ یہ اقدام یقینی طور پر کارگر ثابت ہوگا۔ خاص طور پر اس لیے کہ سونا حاصل کرنے کے لئے لوگ کچرا باہر نہیں پھینکیں گے اور آہستہ آہستہ ان میں پیداری پیدا ہوسکتی ہے۔ وہیں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فاروق احمد نے پہلے گھر گھر جا کر بیداری مہم چلائی اور خود بھی اس مہم کا حصہ بنے، اور لوگ رضاکارانہ طور پر ان کی مہم کے ساتھ جڑ گئے ،اگرچہ لوگ پہلے سونا حاصل کرنے کی غرض سے کچرا جمع کر رہے تھے،تاہم ان کی یہ انوکھی مہم کافی کارگر ثابت ہوئی۔ یہی وجہ ہے کہ آج سادیوارہ علاقہ کی سڑکیں،گلی ،کوچے اور ندی نالے کچرے سے پاک ہیں۔ فاروق احمد کی اس کوشش سے مقامی لوگوں میں شعور بیدار ہوا ہے اور لوگ کچرا باہر ڈالنے کے بجائے جمع کر رہے ہیں۔ فاروق احمد نے کہا کہ وہ استعمال شدہ ڈائپرس کو ایگریکلچر کے استعمال میں لانے کے لئے تجربہ کر رہے ہیں اور جلد ہی نتیجہ سامنے آنے کے بعد اس کے بارے میں وضاحت کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : Inflation During Ramadan میوے، کھجور اور دیگر اشیائے خوردنی کی نرخوں میں اضافہ