Spring in Kashmir سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے گارڈنز کو دیدہ زیب بنایا گیا، محکمہ فلوریکلچر - کشمیر میں مغل باغات
محکمہ فلوریکلچر کے ایک افسرصداقت علی نے کہا کہ مغل باغات اور گارڈنز میں قبل از وقت تجدید و مرمت کی گئی جب کہ ان کو مزید دیدہ زیب بنانے کے لئے مختلف اقسام کے موسمی پھول لگائے گئے ہیں، تاکہ مقامی اور غیر مقامی سیاح ان صحت افزا مقامات کی جانب متوجہ ہو سکیں۔
اننت ناگ:وادی میں آج موسم بہار پورے شباب میں ہے۔وادی کے اطراف و اکناف میں پھول ہی پھول نظر آرہے ہیں ،یہاں نہ صرف سیب بلکہ سرسوں کے پھول کھلے ہوئے ہیں،جبکہ مغل باغات اور گارڈنز میں مختلف اقسام کے پھول اور سبزہ زار دلکش مناظر پیش کر رہے،جس سے مقامی اور غیر مقامی سیاح راغب ہو رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران محکمہ فلوریکلچر کے ضلع افسر اننت ناگ صداقت علی نے کہا کہ مغل باغات اور گارڈنز میں قبل از وقت تجدید و مرمت کی گئی جب کہ ان کو مزید دیدہ زیب بنانے کے لئے مختلف اقسام کے موسمی پھول لگائے گئے ہیں، تاکہ مقامی اور غیر مقامی سیاح ان صحت افزا مقامات کی جانب متوجہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی کوششوں کی وجہ سے آج یہ مقامات اپنی دلکشی کے مناظر پیش کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی جانب نہ صرف مقامی لوگ بلکہ یہاں آنے والے سیاح بھی ان باغات کی جانب رخ کرتے ہیں اور حسین لمحات گزار کر دل و دماغ کو ترو تازہ کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں:Mustard Fields Of Valley وادی کے لہلہاتے سرسوں کے کھیتوں سے لطف اندوز ہوتے سیاح
صداقت علی نے کہا کہ گارڈنز میں ہر طرح کی سہولیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ معذور افراد کے لیے ویل چیئرز بھی دستیاب رکھی گئیں ہیں، تاکہ انہیں کسی طرح کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ بھی عام لوگوں کی طرح سیر و تفریح کر سکیں، جب کہ بیت الخلا اور پینے کا پانی بھی مہیا رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کو مختلف سرکاری اسکیموں کے ذریعہ پھول بانی کی طرف راغب کیا جا رہا ہے اور آج سینکڑوں نوجوان اس صنعت سے نہ صرف خود بلکہ دوسروں کو بھی روزگار فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بے روزگار نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئیں اور سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھا کر فلوریکلچر میں اپنا روزگار تلاش کریں۔