جی ٹوئنٹی کے استقبال کیلئے اننت ناگ میں ریلی نکالی گئی اننت ناگ:جہاں جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں انتظامی سطح پر کافی گہما گہمی دیکھنے کو مل رہی ہے اور شہر کے ساتھ ساتھ سڑکوں اور چوراہوں کو خوبصورت انداز سے سجایا گیا ہے. وہیں ضلع اننت ناگ میں پیر کی دوپہر بعد جی 20 کے استقبالیہ ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں اننت ناگ ضلع کے مختلف اسکولوں کے سیکڑوں بچوں کے ساتھ ساتھ مونسپل کونسل کے ملازمین نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت مونسپل کونسل کے صدر ہلال احمد شاہ نے کی۔ یہ ریلی اننت ناگ کے ٹاؤن ہال سے نکالی گئی جو تواریخی لال چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔
اس موقع پر اسکولی بچوں نے ہاتھوں میں جی 20 کی استقبال کے پلے کارڈز اٹھائے تھے۔ اس موقع پر مونسپل کونسل اننت ناگ کے صدر ہلال احمد شاہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج جموں کشمیر کے عوام کے لئے فخر اور خوشی کا دن ہیں کہ جموں کشمیر میں بین الاقوامی سطح کی میٹنگ منعقد ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی 20 کا اجلاس کشمیر میں منعقد کرنے سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں اور کشمیر میں سیاحت کو کافی فروغ ملے گا۔
اہنوں نے مزید کہا کہ جس کی ہمیں امید نہ تھی وہ موجودہ سرکار نے کر کے دکھا ان کے مطابق کشمیر میں جس طریقے سے موجودہ سرکار کی جانب سے تعمیر و ترقی کا دور جاری ہے وہ ایک مثال قائم ہو گئی ہے اور آنے والے وقت میں اس میں مزید اضافہ ہو گا۔ جی 20 کشمیر میں منعقد کرنے سے کشمیر میں روزگار کے وسائل میں اضافہ ہونے کی امید ہے اور خاص کر سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہوگا اور آج ایک بات صاف طور ظاہر ہوتی ہے کہ کشمیر اب امن کا مقام بن گیا ہے اور کشمیری عوام امن پسند اور مہمان نواز عوام ہے، آج ہر کشمیری کے چہرے پر ایک خوش کی کرن نظر آرہی ہیں۔
مزید پڑھیں:G20 Summit Begins In Kashmir جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس سیاحت کے اعتبار سے کافی اہمیت کا حامل
واضح رہے وادی کشمیر میں منعقد ہونے والے اس سہہ روزہ اجلاس کی نگرانی کے لئے تین درجے کی سکیورٹی گرڈ کا بندوبست کیا گیا ہے اور مقام اجلاس کے گرد وپیش نیشنل سکیورٹی گارڈز (این ایس جی) اور مارکوس کماننڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ فضائی نگرانی کے لئے ڈرون نصب کئے گئے ہیں۔ اس اجلاس میں پانچ اہم ترجیحی شعبوں یعنی گرین ٹورازم، ڈیجیٹلائزیشن، ہنر، این ایس ایم ایز اور دسٹینیشن منیجمنٹ پر بات و چیت و تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ مندوبین جھیل ڈل کے کناروں پر واقع مشہور مغل باغات کا بھی دورہ کریں گے۔