اننت ناگ (جموں و کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے ہاپت ناڑ اور سلر علاقوں میں سیوک ایکشن پروگرام کے تحت مفت طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ طبی کیمپ میں لوگوں کی ایک خاصی تعداد طبی کیمپ سے مستفید ہوئی۔ طبی کیمپ کے دوران علاقے کے سینکڑوں مریضوں کا علاج و معالجہ کیا گیا اور ان میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں
طبی کیمپ کے دوران پولیس کے کئی اعلی افسران اور پی آر آئی ممبران بھی موجود رہے۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او پہلگام نے کہا کہ وہ ہمیشہ لوگوں کی فلاح وبہبود اور غریب عوام کی خدمت کے لئے پیش پیش رہیں گے۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتےہوئے انہوں نے کہا: ’’چونکہ رمضان المبارک کا پاک اور بابرکت مہینہ چل رہا ہے، جس میں اللہ کی بارگاہ میں خصوصی عبادات کے ساتھ ساتھ غریب اور مستحق لوگوں میں عطیہ و صدقات پیش کئے جاتے ہیں، اور اسی با برکت مہینے کے چلتے جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے غریب اور ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لئے اس طرح کی پہل شروع کی گئی ہے، تاکہ مہنگائی کے اس دور میں عوام کو کچھ حد تک راحت مل سکے اور پولیس کو اس با برکت مہینے میں خدمت خلق کا سنہرا موقعہ مل سکے۔‘‘