اننت ناگ:سابق وزیر اعلیٰ و جموں کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر محبوبہ مفتی نے آگ سے متاثرہ بستی بوٹ کالونی، کھنہ بل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر محبوبہ مفتی نے متاثرہ کنبوں سے ہمدردی جتلائی اور یقین دلایا کہ ان کی باز آباد کاری کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ محبوبہ مفتی نے علاقے کا جائزہ لیا اور آگ متاثرین سے ملاقات کی۔ متاثرین نے محبوبہ مفتی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سرد ترین چلہ کلان میں ان کو محفوظ رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھائے جانے چاہئیں اور ان کی راحت کے لیے اشیاء خردبینی اور گرم ملبوسات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
محبوبہ مفتی نے متاثرین کو یقین دلایا کہ وہ پارٹی کی طرف سے ان کو مدد فراہم کرنے کی کوشش کریں گی۔ انہوں نے یو ٹی کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان سردیوں کے ایام میں ان کو سر چھپانے کی جگہ فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھائے جانے چاہئیں اور ان کو ہر مکمل سہولیات فراہم کرنا سرکار کی ذمہ داری ہے۔