اننت ناگ (جموں کشمیر) :فٹنس کو ہماری روزمرہ زندگی کا ایک لازمی حصہ بنانے کے مقصد سے 29 اگست 2019 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ’’فٹ انڈیا پروگرام‘‘ کا آغاز کیا تھا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے کھیل سرگرمیوں میں دلچسپی کا مظاہرہ کرکے وہ جسمانی و ذہنی طور تندرست رہ سکیں۔ اس حوالے سے ایس ڈی ایم کوکرناگ نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی جانب سے جنوبی کشمیر کے حلقہ انتخاب کوکرناگ میں مختلف کھیل سرگرمیوں کا رسمی طور افتتاح کیا، جس میں کوکرناگ اور اسکے مضافات میں آنے والے اسکولی بچوں نے شرکت کی جبکہ طلبا میں بھی اس موقع پر کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔
اس دوران کھیلوں میں شرکت کرنے والی ٹیموں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں جتنی اہمیت پڑھائی کی ہے اتنی ہی کھیل سرگرمیاں بھی ضروری ہیں اور یہ نوجوان نسل کو منشیات کی لت سے دور رکھنے کے لئے کارگر ثابت ہو رہی ہیں۔ وہیں اس موقع پر مقامی لوگوں نے کہا کہ ’’ابھی بھی کئی نجی اسکول کھیلوں کی جانب عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور بچوں کو کھیلوں سے دور رکھ رہے ہیں جبکہ سکول انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ بچوں کو کھیلوں کی جانب راغب کریں تاکہ طلبہ جسمانی طور تندرست رہیں۔‘‘