اننت ناگ:وادی میں مسلسل خشک موسم کی وجہ سے جہاں عام زندگی متاثر ہے،وہیں ہر طبقہ سے جڑے لوگ خاص کر کسان پریشان ہیں، کیونکہ موسم سرما کی برفباری جموں کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے،تاہم طویل وقت سے برف اور بارشیں نہ ہونے کے سبب یہاں کے جنگلات بھی محفوظ نہیں ہیں۔ گزشتہ کئی روز سے جنوبی کشمیر خاص کر اننت ناگ کے مختلف جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے سبز سونا بھی سوکھے موسم کی بھینٹ چڑھ رہا ہے اور قومی سرمایہ کو بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔
پہلگام کے فارسٹ کمپارٹمنٹ 31 ایل سربل کے مقام پر جنگلات کے ایک حصہ میں اچانک آگ نمودار ہوئی، جس کے بعد محکمہ جنگلات متحرک ہوگیا،اور فوری طور پر محکمہ جنگلات اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس سمیت پولیس کی ٹیم موقعہ پر پہنچ گئی۔ بٹکوٹ فارسٹ رینج کے فارسٹر عابد حسین خان اور فائر اینڈ ایمرجنسی پہلگام کے انچارج بشیر احمد ڈار کی قیادت میں پولیس کی مدد سے مشترکہ طور پر آگ کو بجھانے کی کارروائی شروع کی گئی اور کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔