اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مرہامہ، اخراج پورہ علاقے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک عارضی رہائشی شیڈ میں آگ نمودار ہوئی، جس نے فوری طور پر پورے ڈھانچے کو اپنی زد میں لے لیا۔ آگ کی لپٹوں کو دیکھ کر مقامی لوگوں کی ایک کثیر تعداد آگ کی واردات کی جگہ پر پہنچ گئی اور فوری طور پر آگ کو بجھانے کی کارروائی شروع کر دی۔
لوگوں نے آگ بجھانے کے لئے اسپرے موٹرس کا استعمال کیا اور کافی مشقت کے بعد کچھ دیر بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ بعد میں فائر اینڈ ایمرجنسی کا عملہ بھی واردات کی جگہ پہنچ گیا اور آگ کو پوری طرح قابو میں کر لیا گیا۔ خاکستر ہوا رہائشی کوارٹر ضلع اننت ناگ کے مرہامہ، اخراج پورہ کے رہائشی معروف احمد بٹ عرف مُرید ولد عبد الوہاب بٹ کے گؤ خانہ کی اوپری منزل میں لگی تھی، جس میں وہ رہائش پذیر تھے لیکن چند ہفتہ قبل انہوں نے مذکور رہائش کو چھوڑ دیا تھا۔ آگ کے دوران پہلی منزل میں موجود گاؤ خانہ سے مویشیوں کو باہر نکال کر بچا لیا گیا۔