مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں جاری انتخابات کے دوران اپنی پارٹی کے ضلع صدر اننت ناگ عبد الرحیم راتھر نے امیدوار انیس الاسلام پر ہوئے حملہ کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ انیس ایک نوجوان امیدوار ہیں جو لوگوں کی فلاح و بہبود اور علاقہ کی تعمیرو ترقی کی خاطر انتخابی میدان میں ہیں۔ ایسے میں ان پر حملہ ہونا بڑی بدقسمتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ' یہ ایک بزدلانہ حرکت ہے اور اس طرح کے حملوں سے ان کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ راتھر نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ امیدواروں کو سکیورٹی فراہم کی جائے، تاکہ آئندہ اس طرح کسی امیدوار کی جان خطرے میں نہ پڑ جائے۔
انہوں نے گپکار ڈکلیریشن میں شامل پارٹیوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے کرسی حاصل کرنے کے لئے ریاست میں ہمیشہ دھوکہ کی سیاست کی ہے اور اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے میں مست رہے ہیں۔