اننت ناگ (جموں و کشمیر) :بی جے پی کے رکن پارلیمان غلام علی کھٹانہ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ ‘‘بی جے پی کا گزشتہ 9 برسوں کا یہ تجزیہ رہا ہے کہ ملک کے کونے کونے اور ہر طبقہ کی فلاح و بہبود کے لئے سرعت سے کام کیا جائے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ عوام، خاص کر غریب طبقات سے وابستہ لوگوں کے لئے مرکزی فلاحی اسکیمیں زمینی سطح پر لاگو کی گئی ہیں جن سے عوام برابر مستفیض ہو رہی ہے۔ کھٹانہ نے دعویٰ کیا کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی کا منشور ہی ملک کو غربت سے پاک کرناہے۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانا، انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنا بی جے پی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اسلئے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی سرکار نے گورننس کے ہر شعبہ میں سرعت سے تبدیلیاں لائی ہیں جو زمین پر نمایاں ہیں۔‘‘
کھٹانہ نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی کے دور اقتدار میں کروڑوں غریبوں کو مفت راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ اُجولا اسکیم کے تحت پسماندہ خاندانوں میں مفت رسوئی گیس مہیا کی گیا جس سے غریب خواتین کو چولہے اور دھویں کی دقت سے چھٹکارا حاصل ہوا، وہیں حکومت کی جانب سے عوام کو طبی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے گولڈن کارڈ سروس، جن آشودی کے تحت قلیل قیمتوں پر ادویات کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا، جس سے کروڑوں لوگ طبی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد وادی میں ٹورزم سیکٹر کو فروغ ملا ہے، سیاحوں کی آمد میں رکارڈ توڑ اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس سے روزگار کے وسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے۔