جنوبی کشمیر کے اننت ضلع کے کوکرناگ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین انکاؤنٹر شروع ہو چکا ہے۔ پولیس نے انکاؤنٹر کی اطلاع سماجی رابطہ گاہ ایکس (سابق ٹویٹر) پر دی۔ جموں و کشمیر پولیس نے انکاؤنٹر کے دوران فوجی اہلکاروں سمیت پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع دی ہے تاہم اس ضمن میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین گولیوں کا یہ تبادلہ کوکرناگ کے گڈول علاقے میں شروع ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حفاظتی اہلکاروں، جن میں فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس ٹیم شامل ہیں، نے گڈول علاقے کو اُس وقت محاصرے میں لے لیا جب انہیں علاقے میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ ذرائع کے مطابق جوں ہی حفاظتی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے حفاظتی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کی جس کے جواب میں فورسز بھی مورچہ زن ہوئے۔