اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے اننت ضلع کے کوکرناگ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین انکاؤنٹر میں ڈی وائی ایس پی (DySP) اور 19آر آر کے کمانڈنگ آفیسر سمیت تین اہلکار ہلاک ہو گئے۔ یاد رہے کہ پولیس نے انکاؤنٹر کی اطلاع سماجی رابطہ گاہ ایکس (سابق ٹویٹر) پر دی تھی۔ سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین گولیوں کا یہ تبادلہ کوکرناگ کے گڈول علاقے میں شروع ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حفاظتی اہلکاروں، جن میں فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس ٹیم شامل ہیں، نے گڈول علاقے کو اُس وقت محاصرے میں لے لیا جب انہیں علاقے میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔
ذرائع کے مطابق جوں ہی حفاظتی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے حفاظتی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کی جس کے جواب میں فورسز بھی مورچہ زن ہوئے۔ گولیوں کا تبادلہ انکاؤنٹر کی شکل اختیار کر گیا اور گولیوں کے تبادلے میں دو فوجی اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جو زخموں کی تاب نہ لاکر فوت ہو ہو گئے۔ فوت ہونے والوں میں فوج کی 19آر آر کے کمانڈنگ آفسیر کرنل منجیت سنگھ اور میجر ابھیشیک اور جموں و کشمیر پولیس کے ڈی وائی ایس پی ہمایون بٹ شامل ہیں۔ ہمایون بٹ جموں و کشمیر پولیس کے ریٹائرڈ آئی جی غلام حسن بٹ کے فرزند ہے۔ ہمایون بٹ کی میت کو سرینگر پولیس ہیڈکوارٹر پہنچایا جا رہا ہے جہاں سرکاری اعزاز کے ساتھ گلباری کی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔ بعد ازاں ان کی جسد خاکی کو آخری رسومات کے لیے وارثین کے سپرد کر دیا جائے گا۔
جنوبی ضلع اننت ناگ کے گڈول کوکر ناگ علاقے میں بدھ کے روز سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین خونین معرکہ آرائی میں فوج کا سی او (کرنل)، میجر اور جموں وکشمیر پولیس کے ڈی ایس پی سمیت تین اعلیٰ آفیسران جاں بحق ہوئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے گڈول کوکر ناگ کے جنگلی علاقے کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں جبکہ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے اس علاقے کو کھنگالا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق فوج اور ایس او جی کی اضافی کمک کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا جبکہ فوج اور پولیس کے سینئر آفیسران اس تصادم آرائی کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اننت ناگ سے تقریباً 40کلومیٹر کی دوری پر واقع جنگلی علاقہ گڈول میں دہشت گردوں کی موجودگی کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اس علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی شروع کی۔