اننت ناگ (جموں کشمیر) :محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ کے ایک ترجمان نے وادی میں جمعرات کو بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی بارشوں کی پیشگوئی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعد ازاں وادی میں 10 دسمبر تک موسم ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں یکم اور 2 دسمبر کو موسم جزوی یا کلی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے جبکہ 3 دسمبر کو موسم کلی طور ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ برفباری کے باعث سنتھن ٹاپ سمیت تاریخی مغل روڑ کو آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
برفباری کے باعث جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کوکرناگ اور صوبہ جموں کے ضلع کشتواڑ کی انتظامیہ نے احتیاطی طور سنتھن کشتواڑ اور مرگن ٹاپ مڑواہ رابطہ سڑکوں کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے معطل کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے مذکورہ شاہراہوں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ لیا کہ دونوں سڑکوں کو ٹریفک کی آمد رفت کے لئے جزوی طور معطل کر دیا گیا تاکہ لوگوں کی جان اور مال کو تحفظ فراہم ممکن ہو سکے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میں یکم دسمبر تک شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہونے کا امکان ہے تاہم بعد ازاں اس میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہو سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ برف باری کے نتیجے میں مغل روڈ، زوجیلا، سنتھن ٹاپ اور دیگر پہاڑی علاقوں میں ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے۔ دریں اثنا مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری ریکارڈ ہوئی ہے۔