اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کا بجبہاڑہ علاقہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔ صحت افزا مقامات اور چنار کے اونچے درخت نہ صرف مقامی بلکہ بیرون سیاحوں کی بھی دلچسپی کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ تاہم یہاں کئی ایسے دیہات ہیں جہاں آج کے سائنسی اور تیز رفتار دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان ہی علاقوں میں تحصیل صدر مقام بجبہاڑہ سے چند کلومیٹر کی دوری پر واقع گرٹوالی پورہ گاؤں بھی شامل ہے۔
گرٹوالی پورہ کے باشندے گزشتہ کئی برسوں سے پانی کی ایک ایک بوند کیلئے ترس رہے ہیں۔ پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے لوگ ندی نالوں کے گندے پانی پر ہی منحصر ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چھ برسوں سے وہ پانی فراہم کرنے کی درخواست لیکر نہ صرف محکمہ جل شکتی اور عوامی منتخب نمائندوں کے دفاتر کے چکے کاٹ رہے ہیں تاہم کثیر آبادی کو پانی جیسے بنیادی ضرورت سے محروم رکھا گیا ہے۔
مقام باشندوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں بھی متعلقہ محکمہ نے ایک اسکیم کے تحت پانی کی پائپ لائن نصب کی گئی تاہم وہ پائپس بھی زند آلودہ ہو چکی ہیں اور علاقے میں پانی کی سپلائی نہیں پہنچائی گئی۔ لوگوں نے مزید دعویٰ کیا کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے پانی کا فیس برابر وصول کیا جا رہا ہے جبکہ لوگوں کو پانی فراہم کرنے کے حوالہ سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا۔