ضلع اننت ناگ کے قصبہ بجبہاڑہ سے محض ایک کلومیٹر کی دوری پر واقع سیمتھن نامی علاقہ کی گنجان آبادی پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سے دو چار ہے۔ لوگوں کے مطابق محکمہ جل شکتی نے انہیں ہمیشہ نظر انداز کیا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ جل شکتی نے ان کے لئے دریائے جہلم کا پانی مختص رکھا ہے۔ جسے بغیر کسی فلٹریشن کے لوگوں کو فراہم کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دریائے جہلم کا پانی کافی آلودہ ہو چکا ہے۔ جبکہ کئی بار علاقہ میں نصب کی ہوئی پائپ لائنز میں سے محکمہ کے اہلکاروں نے کئی طرح کے کیڑے مکوڈے نکالے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریا جہلم کے آلودہ پانی سے انہیں مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے انہوں نے کئی بار مقامی سیاست دانوں کو علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سے باور کیا۔ جبکہ کئی مرتبہ لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے دفتر کے چکر بھی لگائے، تاہم آج تک نہ تو سیاست دانوں نے کوئی پیش قدمی دکھائی اور نہ ہی محکمہ ٹس سے مس ہوا۔ نتیجتاً گنجان آبادی والا علاقہ دریائے جہلم کا آلودہ پانی پینے پر مجبور ہو رہے ہیں۔