کوکرناگ:اننت ناگ کوکرناگ کے آڈپورہ علاقہ کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ علاقے میں ڈرینیج نظام خستہ حالی کا شکار ہے۔ اگرچہ گزشتہ سال محکمہ دیہی ترقی نے مذکورہ علاقے میں ڈرینیج سسٹم کا قیام عمل میں لایا تھا۔ تاہم علاقے میں تعمیر شدہ ڈرینج زیادہ دیر تک ٹک نہیں پائے۔ مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں فٹ پاتھ کا کہیں کوئی نام و نشان نہیں جس کی وجہ سے کثیر آبادی کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ Kokernag Residents
مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ گزشتہ سال محکمہ دیہی ترقی نے علاقے میں ڈرینوں کا جال بچھانے کے لیے مذکورہ علاقے میں ڈرینیج نظام کا قیام عمل میں لایا تھا تاہم موسم سرما کے ایام میں تعمیراتی ڈھانچے زیادہ دیر تک نہیں ٹک پائے،کیونکہ تعمیراتی ڈھانچوں میں ناقص مواد استعمال لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی علاقے میں موسلادھار بارش ہوتی ہے تو مذکورہ ڈرینیج سے بہنے والا گندہ پانی ان کے صحن میں داخل ہوجاتا ہے، جس سے انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ ایک جانب اگرچہ مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں کے ذریعے دیہی علاقوں میں تعمیر و ترقی کے بلند بانگ دعوے کیے جاتے ہیں، تو وہی دوسری جانب ان اسکیموں کے لیے مختص رکھے ہوئے رقومات تعمیراتی ڈھانچوں پر پوری طرح سے عملائے نہیں جاتے۔