اردو

urdu

ETV Bharat / state

کشمیر کے حالات اور طبی عملے کی قابل قدر کاوش - کشمیر کے حالات اور ہسپتال

جموں و کشمیر میں موجودہ صورتحال کے چلتے جہاں پوری ریاست خصوصاً وادی کشمیر میں زندگی کا ہر شعبہ متاثر ہوا ہے وہیں ضلع اننت ناگ کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے نے قابل سراہنا خدمات انجام دی ہیں۔

کشمیر کے حالات اور ہسپتال

By

Published : Sep 2, 2019, 11:23 PM IST

Updated : Sep 29, 2019, 5:44 AM IST

بندشوں، امتناعی احکامات اور مواصلاتی نظام ٹھپ رہنے کے باوجود ڈاکٹر صاحبان اور نیم طبی عملہ ہسپتالوں تک پہنچ کر مریضوں کے علاج میں جٹ جاتے ہیں۔ اننت ناگ کے زچہ بچہ ہسپتال کا طبی و نیم طبی عملہ ان قابل قدر خدمات کی ایک تازہ مثال ہے۔

گلے میں اسٹیتھسکوپ اور انسانیت کا دل لیے ڈاکٹر اقیسہ بندشوں اور امتناعی احکامات کی دیوار لانگ کر روزانہ سرینگر سے اننت ناگ کے زچہ بچہ ہسپتال پہنچ جاتی ہیں۔ حالات چاہے جو بھی ہوں ڈاکٹر اقیسہ کا فرض منصبی بندشوں، قدغنوں اور امتناعی احکامات کو ان کی راہ میں رکاوٹیں حائیل نہیں ہونے دیتا۔

کشمیر کے حالات اور ہسپتال

دراصل شیرباغ، اننت ناگ کا یہ ہسپتال جنوبی کشمیر کا واحد زچہ بچہ ہسپتال ہے جہاں صرف وادی ہی نہیں بلکہ جموں صوبے کے اضلاع سے بھی مریض علاج و معالجے کے لئے آتے ہیں۔

ہسپتال ریکارڈس کے مطابق کشمیر کی موجودہ صورتحال کے دوران یہاں پر مریضوں کی تعداد میں غیر متوقع اضافہ ہوا ہے۔ جب باہر سڑکیں سنسانی اور ویرانی کا منظر بیان کر رہی تھیں، یہاں کا عملہ یا تو تھیٹروں میں مریضوں کے آپریشن میں مشغول یا پھر وارڈوں کی نگرانی میں مگن تھا۔

راہوں میں رکاوٹیں بھلے ہی حائل رہیں لیکن محکمہ صحت کے عملے نے اس دوران تندہی سے اپنے فرض شناسی کا کام انجام دیا جس کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

موجودہ صورتحال کے دوران ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ نیم طبی عملے اور ایمبولینس ڈرائیوروں نے بھی فرض شناسی کے ساتھ کام کیا۔ جس کا احساس ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں اور تیمارداروں کو بھی ہے۔ لیکن ایسے میں اگر کبھی کبھار عملے کی کمی بھی پائی گئی تو اس پر بھی لوگوں نے اپنا ردعمل دکھایا۔ تاہم اکثر لوگوں کا کہنا ہے کہ کشیدہ حالات میں سفید آپرن میں ملبوس ان افراد نے واقعی ایک بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔


موجودہ صورتحال کے دوران جہاں ڈاکٹروں کو کئی دشواریوں کا سامنا ہے وہیں مواصلاتی نظام کی عدم موجودگی نے انکی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔ گھروں سے دور یہ لوگ اپنے گھروالوں کے حال سے بے خبر ہیں جبکہ ان کا ماننا ہے کہ مواصلاتی نظام ٹھپ ہونے کی وجہ سے پیشنٹ کئر بھی بری طرح سے متاثر ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ کشمیر میں نامساعد حالات کے دوران یہاں کے ڈاکٹروں نے ہمیشہ ایک مثال قائیم کی ہے۔ جبکہ کئی بار ڈاکٹروں اور محکمہ صحت کے دیگر عملے کو اپنے ان بے لوث فرائض کے عوض امید سے پرے انتظامیہ اور عوام کی برہمی کا بھی سامنا رہا ہے۔ لیکن اس کے باوجود انہوں نے پیشہ ورانہ معیار کو ہمیشہ بلند رکھا ہے۔

Last Updated : Sep 29, 2019, 5:44 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details