اننت ناگ:ڈائریکٹر فشریز، ایم ڈی جے کے ایچ پی ایم سی نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے اچھہ بل علاقے میں قائم کامن انکیوبیشن سینٹر کا معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر فشریز محمد فاروق ڈار نے کامن انکیوبیشن سینٹر، اچھہ بل کا معائنہ کیا اور اس کے پہلے ٹرائل رن کا بھی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر دیگر اعلیٰ افسران نے بھی کامن انکیوبیشن سینٹر کا دورہ کرکے وہاں موجود مشینری کا جائزہ لیا۔ دورہ کرنے والے افسران نے کامن انکیوبیشن سینٹر پر کام کر رہے افراد سے مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے سنٹر پر فشریز سے وابستہ کسانوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
افسران نے ماہی پروری کو فروغ دینے اور اس صنعت سے جڑے کسانوں کو کامن انکیوبیشن سینٹر کے فوائد اور یہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ افسران نے کہا کہ قدری آبی ذخائر سے مالامال وادی کشمیر ماہی پروری کے لئے موزوں جگہ ہے اور حکومت کی جانب سے ماہی پروروں کو مختلف اقسام کی امداد فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ماہی پروروں کو کامن انکیوبیشن سینٹر سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔