ڈائریکٹر ایگریکلچر نے سرسوں کے کھیتوں کا معائنہ کیا اننت ناگ (جموں و کشمیر):ڈائریکٹر ایگریکلچر، کشمیر، چودھری محمد اقبال نے چیف ایگریکلچر آفیسر اننت ناگ اعجاز حسین ڈار کے ہمراہ ضلع اننت ناگ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے بجبہاڑہ کے سبحان پورہ، آرونی، اننت ناگ میں ہائی ٹیک پولی ہاؤس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایگریکلچر چودھری محمد اقبال کے ہمراہ چیف ایگریکلچر آفیسر اننت ناگ اعجاز حسین اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
ڈائریکٹر اگریکلچر نے دورے کے حوالہ سے کہا کہ ’’مرکزی سرکار کا خواب ہے کہ کسانوں کی آمدنی دوگنی ہونی چاہیے اور انہیں خود کفیل بنایا جائے، جس کے لیے مرکز کی جانب سے کسانوں کے لیے کئی اسکیمیں مختص رکھی گئی ہیں جن میں خصوصاً پی ایم کسان اسکیم اور پی ایم سماندی اسکیم سر فہرست ہیں۔‘‘ انہوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر کسان محکمہ کی اسکیموں اور فلیگ شپ پروگرامز سے مستفید ہو سکے اور ان اسکیموں سے مستفید ہونے میں اپنا اہم رول ادا کرے۔
چودھری نے کہا کہ محکمہ ان دنوں کاشتکاروں کو مختلف فصلوں کے بیج فراہم کر رہا ہے اور یہ سلسلہ آنے والے دنوں میں جاری رہے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا: ’’امید ہے کہ کسان بروقت ان بیچوں کو حاصل کریں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں زرعی شعبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے محکمہ زراعت کے ملامین کافی محنت کر رہے ہیں اور کسانوں میں محکمہ زراعت کی جانب سے مختلف فصلوں کے بیچ اور پودے فراہم کر رہے ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں:Director Agriculture Kashmir Visits Tral: ناظم زراعت کشمیر نے ترال کے بالائی علاقوں کا دورہ کیا
گلوبل وارمنگ کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وادیٔ کشمیر میں بھی درجۂ حرارت کافی بڑھ رہا ہے، وادیٔ کشمیر کے مختلف اضلاع میں اس وقت سرسوں کی کاشت تقریباً ایک لاکھ چالیس ہزار ہیکٹیر اراضی پر کی جا رہی ہے۔ درجۂ حرارت کے سبب کسانوں کو ہو رہی مشکلات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے کسانوں کو مشوروں سے نواز رہے ہیں تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔