ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے پیرپورہ بڈر کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ مذکورہ علاقے میں گورنمنٹ میڈل اسکول کی عمارت خستہ حالی کی شکار ہوئی ہے، جس کی وجہ سے اسکول میں زیر تعلیم طلبہ کے ساتھ ساتھ اُن کے والدین بھی کئی پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ اگرچہ مذکورہ علاقے کے لوگوں نے متعلقہ محکمہ کی جانب کئی بار رجوع کیا، تاہم آج تک ان کے مطالبے پر کوئی غور و خوص نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے اسکول میں زیر تعلیم طلبہ کافی مشکلات سے دو چار ہو رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں قائم مذکورہ اسکول عمارت کافی بوسیدہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کے گرد و نواح میں فنیسنگ کے ساتھ ساتھ اسکول کی طرف جانے والی رابطہ سڑک کا بھی فقدان ہے، جبکہ مذکورہ اسکول میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے کھیل کود جیسی سرگرمیوں کے لیے کوئی میدان یا پلے فیلڈ کا بھی فقدان پایا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے اسکولی بچے ڈپریشن کے شکار ہو رہے ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقے میں کئی سال قبل اسکول عمارت تعمیر کی گئی تھی، جو محض تین کمروں پر مشتمل ہے، جبکہ محکمہ نے اسی علاقے کے کئی اسکول کو کلب کر کے مذکورہ اسکول عمارت میں منتقل کیے گئے، جہاں پر درس و تدریس کے نظام کا بنیادی ڈھانچہ نہ ہونے کے باعث طلبہ کو کئی مشکلات سے دو چار ہونا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی عدم دستیابی کی وجہ سے بیشتر اوقات طلبہ اسکول کے احاطے میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، ان کا کہنا ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں طلبہ تعلیم حاصل کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔ مجبوراً اسکول انتظامیہ کو طلبہ کو چھٹی کرنی پڑتی ہے۔