جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کوکرناگ کے کھارپورہ نامی علاقے میں رابطہ سڑک کی حالت برسوں سے ناگفتہ بنی ہوئی ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ گہرے گھڑے بنے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کو عبور مرور میں کئی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کوکرناگ: خستہ حال سڑک کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا مقامی لوگوں کا کہنا ہے خستہ حال سڑک پر متعلقہ محکموں اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے، نتیجتاً راہگیروں کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کے چلنے پھرنے میں بھی کئی دشواریاں پیش آتی ہیں۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث ایمرجنسی کے دوران لوگوں کو کئی مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے، ’’بیماروں خصوصا حاملہ خواتین کو ہسپتال لے جانے میں کئی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘
گنجان آبادی والے کھارپورہ علاقے میں سڑک کی خستہ حالی کے باعث جہاں بارش اور برفباری کے دوران سڑکوں پر پانی اور برف جمع ہونے سے عوام کو عبور و مرور میں مشکلات ہوتی ہیں وہیں خشک موشم میں اٹھنے والے گرد و غبار کے باعث مقامی آبادی کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے لوگوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کئی بار سڑک کی خستہ حالی کا مسئلہ اربابِ اقتدار کی نوٹس میں لایا، تاہم ہر بار ان کے اس دیرینہ مطالبے کو حکام نے نظر انداز کیا، جس کے باعث مقامی لوگ گزشتہ کئی برسوں سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت نے سڑک کی خستہ حالی کا مسئلہ اسسٹنٹ ایکزیکیوٹو انجینئر، وائلو سید اشفاق احمد کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے کہا کہ ’’محکمہ تعمیرات عامہ نے علاقے کی رابطہ سڑک کی خستہ حالی کو دور کرنے کے لئے رواں مالی سال میں اسکی مرمت کا پلان بنایا ہے۔‘‘ انہوں نے رواں برس سڑک کی میکڈمائزیشن کیے جانے کی یقین دہانی کی۔