اننت ناگ:ڈیپارٹمنٹ آف فشریز کی جانب سے حلقہ انتخاب بجبہاڑہ کے نمبل علاقہ میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا انعقاد نمبل فش فارم میں کیا گیا تھا جس میں سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں اور نجی فش فارم ہولڈرز بشمول خواتین فش فارم ہولڈرز نے حصہ لیا۔ اس موقعہ پر کچھ پرائیویٹ فش فارمنگ ہولڈرز نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ کاروبار جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لیے کتنا منافع بخش اور کامیاب ہے۔
انہوں نے بے روزگار نوجوانوں سے اپیل کی کہ حکومت کی جانب سے چلائی جاری اسکیمیں کا فائدہ اٹھا کر خود روزگار کما سکے اور دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع فراہم کرے۔انہوں نے بے روزگار نوجوانوں سے اپیل کی کہ انہیں سرکاری نوکریوں کے پیچھے دوڑنے کی ضرورت نہیں ہے، حکومت کی جانب سے جو اسکیمیں مختص رکھی گئی ہے، وہ ان سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں کاروبار کرنا نوکریوں سے زیادہ منافع بخش ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز محمد صدیق نے مختصر گفتگو میں مختلف اسکیموں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کارپ فش فارمنگ کی اسکیم پی ایم پیکج کے تحت سال 2004 سے 2005 کے دوران شروع کی گئی تھی۔ اور سال 2009 میں ٹراؤٹ فش فارمنگ RKVY کے تحت پرائیویٹ سیکٹر میں شروع کی گئی تھی جبکہ 2011 سے 2012 میں نیشنل مشن فار پروٹین سپلیمنٹ (MMPS) کے نام سے ایک اور اسکیم شروع کی گئی تھی تاکہ پرائیویٹ سیکٹر میں مچھلی کے کاربار کو فروغ دیا جا سکے۔"