اننت ناگ:قدرتی خوبصورتی کی بدولت وادی کشمیر کی ایک منفرد پہچان ہے ، یہاں کے منفرد اور دلفریب سیاحتی مقامات ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں، تاہم جنت کے اس ٹکرے پر قدرتی حُسن سے مالامال ایسے مقامات بھی موجود ہیں جو دنیا کی نظروں سے اوجھل ہیں۔ ایسے ہی ایک حسین جگہ ضلع اننت ناگ کے شانگس علاقہ میں موجود ہے جسے، چھتہ پل، کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ جگہ ضلع صدر مقام اننت ناگ سے تقریباً پینتیس کلو میٹر کی دوری پر پیر پنچال کی سرسبز اور بلند پہاڑیوں کے درمیان واقع ہے۔
۔یہاں آنے والے مقامی سیاح نہ صرف اس جگہ کے خوشگوار ماحول کا لطف لیتے ہیں بلکہ سرسبزو کوہساروں کے بیچ بہہ رہی ندی کے کنارے پُر سکون لمحات گزار کر اپنے جسم و ذہن کو تروتازہ کرتے ہیں۔
تاہم دوسری جانب مذکورہ خوبصورت مقام پر بنیادی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے اس جگہ کی سیاحتی سرگرمیاں کافی متاثر ہو رہی ہیں۔خاص کر رابطہ سڑک کی خستہ حالی اور بیت الخلاء کی عدم دستیابی سے یہاں آنے والے سیاحوں کا دل رنجیدہ ہو جاتا ہے۔