وادی کشمیر قدرتی خوبصورتی اور دلکشی کے لئے دنیا بھر میں مشہور ہے، یہاں کے قدرتی میوے جس میں سیب، اخروٹ، زعفران اور دیگر اقسام کی چیزیں شامل ہیں۔ متعدد ممالک میں ان میوہ جات کو برآمد کیا جاتا ہے۔
زعفران کی طرح ہی لیونڈر نامی ایک پھول کی وادی میں کاشت کاری کی جاتی ہے، ان پھولوں کی کاشتکاری خطے کے کچھ مخصوص مقامات پر کی جاتی ہے، جن میں جنوبی کشمیر کے کچھ اضلاع اور وسطی کشمیر کی لال منڈی قابل ذکر ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب بجبہاڑہ کے سرہامہ نامی علاقہ میں چند برس قبل ایک لیونڈر فارم بنایا گیا۔ مذکورہ فارم محکمہ زراعت کے منتظمین کی نگرانی میں رہتا ہے، جو اسکی دیکھ ریکھ کرنے کے ساتھ ساتھ پیداوار بڑھانے میں دن رات محنت کر رہے ہیں اور اب اس صنعت کی وجہ سے محکمہ کو کافی منافع ہو رہا ہے۔
لیونڈر پودے کی کاشت بنیادی طور پر اس کے خوشبو دار پھولوں کے لئے کی جاتی ہے، جس کا رنگ کافی نرالا ہوتا ہے، لیونڈر کے پودوں سے پھول نکالنے کے بعد اسے پروسیسنگ کے لئے ضلع پلوامہ کے الوپورہ بھیج دیا جاتا ہے۔ جہاں پر ریاستی انتظامیہ کی جانب سے اعلیٰ پیمانے کا ایکسٹریکشن پلانٹ بنایا گیا ہے۔