اننت ناگ (جموں کشمیر) :میونسپل کمیٹی اننت ناگ کی جانب سے قصبہ اننت ناگ کے، کے پی روڈ پر اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئیں، جس سے کے پی روڈ پر طویل عرصہ بعد شام کے اوقات میں رونق دوبارہ لوٹ آئی۔ دراصل عوام کی دیرینہ مانگ تھی کہ قصبہ اننت ناگ کے مختلف علاقوں خاص کر، کے پی روڈ پر ناکارہ اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کرکے انہیں فعال بنایا جائے، کیونکہ شام کے بعد اندھیرے کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں دقتیں پیش آتی تھیں۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ اسٹریٹ لائٹس غیر فعال ہونے کے سبب لوگوں کو عشاء اور فجر کی نماز کے لئے مساجد جانے میں کافی دقتیں پیش آ رہی تھی۔ جبکہ اس دوران آوارہ کتوں کے کاٹنے کا خطرہ بھی لاحق رہتا تھا۔ وہیں ماضی میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے کئی معاملات بھی سامنے آئے ہیں۔ تاہم میونسپل کمیٹی کی حرکت میں آنے کے بعد تقریبا 18 برس بعد لوگوں کا خواب پورا ہو گیا۔ عوام کی جانب سے میونسپل کمیٹی کے اس اقدام کی سراہنا کی جا رہی ہے۔