اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ذڈی پورہ، تھک بُون کے قریب کرایہ کے کمرے میں رہ رہے ایک غیر مقامی شہری کو مردہ حالت میں پایا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جمعہ کے روز ذڈی پورہ، تھک بُون کے قریب جلالی، علی گڑھ کے رہنے والے راج بہادر ولد شنکر لال نامی ایک شخص کو اپنے کرایہ کے کمرے میں مردہ پایا گیا، متوفی کی عمر تقریبا 25 برس کی بتائی جا رہی ہے۔
اننت ناگ پولیس کے مطابق متوفی ایک مقامی باشندے منظور احمد کرچو ولد عبد الرزاق کرچو، ساکنہ ذڈی پورہ کے رہائشی مکان کے ایک کمرہ میں کرایہ پر رہ رہا تھا ،تاہم جمعہ کی صبح مذکورہ غیر ریاستی باشندہ کو مردہ حالت میں پایا گیا جس کے فورا بعد مکان مالک نے پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر مقام پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ فی الحال پولیس نے پوسٹ مارٹم کرانے کے لئے لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور طبی اور قانونی لوازمات کے بعد متوفی کی لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔