اننت ناگ (جموں و کشمیر):ضلع ترقیاتی کمشنر، اننت ناگ، سید فخرالدین حمید نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے دور دراز گجر بستیوں کا دورہ کیا اور وہاں پر عوامی نمائندوں اور مختلف وفود سے ملاقات کرکے لوگوں کے مطالبات اور مسائل سنے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے عینو بر گجر پٹی، گواس گجر علاقہ اور اچناد قبائلی علاقہ سے تعلق رکھنے والے باشندوں سے گفتگو کی، جس دوران لوگوں نے علاقہ سے متعلق مسائل و مطالبات ان کے سامنے رکھے اور علاقہ کی ترقی کے حوالے سے ان کی تجاویز سنیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر کی آمد پر مقامی باشندوں نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور انہیں روایتی پگڑی (دستار) بھی پہنائی گئی۔ لوگوں نے ڈی سی اننت ناگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلی بار کسی ڈی سی کو اپنے علاقہ میں آتے ہوئے لوگوں کے مسائل از خود سنتے ہوئے دیکھا ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کو یقین دِلایا کہ ان کے تمام مسائل ترجیہی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور طویل مدتی ترقیاتی منصوبوں اور موجودہ ترقیاتی منصوبوں کی عمل آوری پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔