ضلع ترقیاتی کمشنر، اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے مختلف محکموں سے وابستہ افسران کے ہمراہ مٹن، ویل ناگبل اور دیگر دور دراز علاقوں کا دورہ کیا۔ ڈی سی اننت ناگ نے مٹن اور ویل ناگبل میں منعقدہ عوامی دربار میں شرکت کی جہاں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ ڈی ڈی سی، بی ڈی سی چیئرپرسنز، سرپنچ و پنچ صاحبان کے علاوہ سیول سوسائٹی اور اوقاف کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔
دونوں مقامات پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی اننت ناگ نے کہا کہ انتظامیہ لوگوں کی شکایات اور مطالبات کے فوری ازالے کے علاوہ شفاف اور قابل رسائی گورننس کی فراہمی کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت مقامی لوگوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
ڈاکٹر سنگلا نے کہا کہ رواں برس بجٹ میں تین گناہ اضافہ کیا گیا ہے اور فیلڈ اسٹاف کو بر وقت تمام ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے میں زیادہ متحرک ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈی ڈی سی نے علاقے کے معزز شہریوں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں میں بڑھتے منشیات کے رجحان کو روکنے کے لیے حکام کو اپنا تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے ہنر کو اجاگر کرنے، انہیں تندرست رکھنے اور منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھنے کے لئے دیہی علاقوں میں پنچایتی سطح پر یوتھ کلبس اور کھیل کے میدان تعمیر کئے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:اننت ناگ: آٹھویں پاس سکیورٹی گارڈ نے 120 پوسٹ مارٹم کرڈالے