اننت ناگ (جموں و کشمیر) :عالمی یوم مزدور کے موقع پر جہاں دنیا بھر میں مختلف پروگرامز اور سیمنار منعقد کیے جاتے ہیں وہیں جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں مختلف محکمہ جات میں یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے اپنے مطالبات حکام تک پہنچانے کی سعی کی۔ دنیا بھر میں یکم مئی کو مزدوروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے اور مختلف مقامات پر مزدوروں کے حقوق وغیرہ پر تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے اور مزدوروں کی بہبودی کے لیے مختلف اسکیموں کی جانکاری اور ان کے حقوق بیان کیے جاتے ہیں۔ وہیں جنوبی کشمیر میں ضلع اننت ناگ کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں عالمی یوم مزدور کے موقع پر ’’محکمہ وائلڈ لایف‘‘ سمیت دیگر محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے ڈیلی ویجرز اور کیجول لیبرز نے احتجاج کیا۔
احتجاج کر رہے عارضی ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی کی اور حکام سے انہیں مستقل ملازمت فراہم کرنے کی دیرینہ مانگ کو دہرایا۔ احتجاج میں شامل ڈیلی ویجرز نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’عرصہ دراز سے ہم اپنے حقوق اور جائز مطالبات کے لیے حکام سے میٹنگز منعقد کرتے آ رہے ہیں، احتجاج کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود ہمارے جائز مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جا رہا۔‘‘ احتجاجیوں کے مطابق ’’عالمی یوم مزدور کے موقع پر ہم جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ، مرکزی سرکار کے ساتھ اپنی ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں اور ان سے ہمارے مطالبات تسلیم کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔‘‘ احتجاجیوں نے میڈیا نمائندوں کےساتھ باتے کرتے ہوئے کہا: ’’پوری دنیا میں مظلوم تر انسان یہاں کا عارضی ملازم ہے۔‘‘